ہندوستانی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے نیپال کوتجارتی خسارہ کے معاملے پر
ایکسپورٹ رخی صنعتوں میں زیادہ ہندوستانی سرمایہ کاری راغب کرکے اپنے
ایکسپورٹ باسکیٹ کو بڑھانے کا مشورہ دیتے ہوئے کا کہ ہندوستان نیپال میں
نئے بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لئے زیادہ آسان قرض دینے کے لئے تیار ہے۔
یہاں دو او ر تین مارچ کو منعقد دو روزہ نیپال سرمایہ کاری کانفرنس میں حصہ
لینے آئے مسٹر جیٹلی نے نیپال کی صدر ودیا دیوی بھنڈاری اور وزیر اعظم
پشپ کمل دہل سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر
خزانہ کرشن بہادر مہرا اور وزیر صنعت نبندر راج جوشی کے ساتھ بھی میٹنگ کی ۔
انہوں نے پشوپتی مندر میں پوجا بھی کی۔
مسٹر جیٹلی نے اپنی دوفریقی ملاقاتوں کے دوران کہا کہ ہندوستان سماجی معاشی
نمو کے لئے نیپال کے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کی خاطر شراکتداری کے لئے
تیار ہے۔ انہوں نے متعدد مربوط چوکیوں،ریل رابطوں، ہلاکی سڑکو ں، اسکولوں
اور صحت جانچ کی چوکیوں وغیرہ کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان
نیپال کو مزید نرم قرض دینے کے لئے تیار ہے تاکہ نیپال میں ترقی کی رفتار
تیز ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان تاریخی،ثقافتی
اور مذہبی مراسم کی جڑیں انتہائی گہرائی میں پیوست ہیں جن کے نتیجے میں
دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور معیشت کے میدان میں وسیع ترتعاون ممکن
ہوسکا ہے۔
مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ہندوستان اورنیپا ل کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری
کے وسیع تر امکانات موجود ہیں اور نیپال معقول
قانونی اور ضابطہ کار نظام
بناکر ہندوستان سے مزید راست غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرے گا۔ انہوں نے
کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں نیپال ہندوستان کا سب سے بڑا
شراکت دار ہے اور نیپال کی دو تہائی تجارت ہندوستان کے ساتھ کی جاتی ہے اور
ہندوستان نیپال میں 40 فیصد راست غیر ملکی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی سرحدیں ایک دوسرے کے لئے کھلی ہوئی ہیں اور
ایک دوسرے کے شہریوں کے ساتھ قومی سطح پر برتاؤ کیا جاتا ہے اور لاکھوں
نیپالی شہری ہندوستان میں رہتے اور کام کرتے ہیں۔ نیپال میں پن بجلی،
ٹرانسمیشن لائن،سڑک اور ریل نیٹ ورک، صحت،تعلیم،سیاحت اور آبپاشی وغیرہ کے
متعدد ایسے شعبے موجود ہیں جن میں اسے ہندوستانی سرمایہ کاری حاصل ہوسکتی
ہے۔
مسٹر جیٹلی نے اعلان کیا کہ ہندوستان کوشی ہائی ڈیم کے نج گڑھ میں واقع
دوسرے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لئے کاٹھمنڈو نج گڑھ فاسٹ ٹریک سڑک
منصوبے میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے۔ مسٹر جیٹلی نے تجارت میں زبردست
کمی کا ذکر کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ نیپال برآمداتی صنعتوں میں مزید
ہندوستانی راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعہ اپنی برآمداتی مصنوعات کی
تعداد میں اضافہ کرسکتا ہے۔ مزید برآں اپر کرنالی اور ارون III جیسے بجلی
منصوبوں کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیپال اب ہندوستان کو
بجلی برآمد کراسکے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنگلاتی زمین اور متعدد
منصوبوں میں تاخیر کا باعث بننے والی تحویل اراضی جیسے مسائل کا جلد از جلد
تصفیہ کیا جانا چاہئے۔